خوشی ہوتی اگر ایم کیوایم بھی حکومت کا حصہ ہوتی، سید قائم علی شاہ
کراچی: نومنتخب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سے لے کر کشمور تک امن وامان میں بہتری لائیں گے انہیں خوشی ہوتی اگرایم کیوایم بھی حکومت کا حصہ ہوتی۔ صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پرحاضری کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ سندھ کے عوام نے ایک مرتبہ پھر پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں،ہماری حکومت امن و امان کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوام کی خدمت کےلئےکوئی کسرنہیں چھوڑی، محترمہ بے نظیر بھٹو نے بھی ہمیشہ عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی۔ نومنتخب وزیراعلی سندھ نے کہا کہ خوشی ہوتی اگر ایم کیوایم حکومت کا حصہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 5 سالوں میں حکومت میں رہتے ہوئے جو کوتاہیاں ہوئی ہیں انہیں اب دورکریں گے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط کیا ہے انشاللہ پاکستان کو بھی مضبوط کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اورقانون نافذ کرنے والے اداروں نے بہت سے ملزمان کو گرفتار کیا ہے تاہم پولیس اوررینجرز کے درمیان مربوط رابطے کی ضرورت ہے۔
تبصرے بند ہیں.