حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پرعزم ہے، صدر زرداری

کراچی: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت دہشت گردی کے خاتمے کیلیے پرعزم ہے ، دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کیلیے حکومت، تمام سیاسی ومذہبی قوتوں، عوام اور معاشرے کے ہر طبقے کو متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔ آئندہ انتخابات مقررہ وقت پرمنعقدکیے جائیں گے، انتخابی امیدواروں کو سیکیورٹی کی فراہمی اور پرامن انتخابات کے انعقاد کیلیے نگراں حکومت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ وہ منگل کو صدارتی کیمپ آفس بلاول ہاؤس میں گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود اورعوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے ۔دریں اثنا محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر آصف زرداری نے محنت کش طبقے پرمادروطن کی ترقی،خوشحالی اورسماجی و اقتصادی پیش رفت کے لیے جانفشانی سے کوشاں رہنے کے لیے زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ مطمئن اورآسودہ افرادی قوت قومی ترقی اور پیداواری عمل میں مرکزی حیثیت رکھتی ہے، حالیہ برسوں کے دوران محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی حالت کو بہتر بنانے کے لیے کئی عملی اقدامات کیے گئے ہیں ،جب تک کمزور طبقے کو بااختیار اور بحال نہیں کیا جاتا ترقی کے تمام دعوے بے معنی رہیں گے ۔ صدر نے کہا کہ ایک صدی قبل جبر کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے والے شکاگو کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ہمیں کارکنوں ، کسانوں اور مزدوروں سے یہ عہد بھی کرنا چاہیے کہ ہم معاشرے میں ان کے جائز مقام کے لیے جدوجہد ترک نہیں کریں گے ۔ذرائع کے مطابق سینیٹرشاہی سید نے صدر مملکت کو انتخابی مہم کے دوران عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو درپیش مشکلات ، سیکیورٹی خدشات اورکراچی میں حالیہ دنوں میں ہونے والے دھماکوں سمیت مختلف امور سے آگاہ کیا ۔ صدرآصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی سے مقابلہ کرنے کے لیے تمام قوتوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔

تبصرے بند ہیں.