لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ملک میں بجلی کا شدید بحران ہے، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے پوری لگن کے ساتھ کام کریں گے، ہر گھر میں روشنی ہو گی لیکن اس کے لئے تھوڑا صبر کرنا پڑے گا۔ لاہور میں منعقدہ یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اٹھائیس مئی کو پاکستان دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بنا، ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود آج ہم بجلی سے محروم ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمیں ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور دیگر بحرانوں کی وجہ جاننا ہو گی، دنیا کی تمام ایٹمی طاقتیں خوشحال ہیں ہمیں بدحالی کی وجہ جاننا ہو گی۔ لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کب ختم ہو گی میں صرف اتنا کہتا ہوں کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے ہماری حکومت پوری کوشش اور لگن کے ساتھ کام کرے گی اور قوم دیکھے گی کہ ہماری حکومت پاکستان کو صحیح سمت پر لے جانا شروع ہو گئی ہے۔ سربراہ مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں لوگوں نے انہیں مینڈیٹ دیا جبکہ خیبرپختونخوا کے لوگوں نے جذباتی ہو کر فیصلہ کیا، سندھ میں لوگوں نے روایتی انداز میں فیصلہ کیا جبکہ بلوچستان میں فیصلہ ن لیگ کے حق میں آیا، ووٹ دینے اور نہ دینے والوں کو مایوس نہیں کروں گا۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسائل کے پہاڑ ورثے میں لے رہے ہیں، پاکستان کی کشتی منجھدار میں پھنسی ہوئی ہے۔ ہمیں بڑے مشکل وقت سے گزرنا پڑے گا، ہر گھر میں روشنی ہو گی لیکن اس کے لئے تھوڑا صبر کرنا پڑے گا۔
تبصرے بند ہیں.