آئی سی ایم اے نے نئی حکومت کیلیے سفارشات پیش کردیں
کراچی: آئی سی ایم اے نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی متوقع حکومت کے10 نکاتی ایجنڈے کے لیے سفارشات پیش کردیں۔ گزشتہ روز جاری بیان میں آئی سی ایم اے نے توانائی بحران، سیکیورٹی مسائل و افراط زر سے نمٹنے، کاروباری برادری کے اعتماد کی بحالی، سرکاری کمپنیوں میں کرپشن کے خاتمے اور بہتری کے لیے مختصرمدتی (100 روز) اور طویل مدتی (2 تا 3 سال) کے لیے اقدامات تجویز کیے ہیں۔ آئی سی ایم اے کے مطابق مختصر مدتی اقدامات کے تحت توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دے کر توانائی کی چوری کے خلاف ملک گیرکریک ڈاؤن کیاجانا چاہیے۔ جہاں بجلی نہیں وہاں کاروباری برادری کو نیپراکی منظوری کے بغیر پاور پراجیکٹس شروع کرنے کی اجازت ملنی چاہیے، ویسٹ مٹیریل ودیگر ذرائع سے بجلی کی پیداوار بڑھانے سے متعلق منصوبے کی تیاری کے لیے فوری طور پر ایک کمیٹی بنانی چاہیے جبکہ طویل مدتی اقدامات کے طور پر توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے مہنگے تیل وگیس کو درآمد کرنے کے بجائے پاور جنریش کے لیے سستا کوئلہ درآمد، بڑے پیمانے پر چھوٹے ڈیم بنانے اور گھریلوسطح پرسولر پینلز کے لیے بلاسود قرضے دیے جانے چاہئیں۔
تبصرے بند ہیں.