پنجاب: شدید گرمی میں بجلی بھی غائب، شہری بلبلا اٹھے

لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے سخت گرمی میں شہریوں کو بیحال کر رکھا ہے،کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش سے شہری بلبلا اٹھے ہیں۔ اہلیان لاہور ان دنوں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث عذاب میں مبتلا ہیں۔شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے سے بھی تجاویز کر چکا ہے،ہر گھنٹے بعد تین سے پانچ گھنٹے کی بجلی بندش نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی لوڈشیڈنگ کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ سیالکوٹ،گوجرانوالہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، منڈی بہاو الدین، راجن پور ، اوکاڑہ اور گجرات کے شہریوں کو سترہ سے انیس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔طویل بجلی بندش سے صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں اور شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ وزیر آباد، ملتان، ساہیوال، خانیوال، چینوٹ، قصور، سرگودھا، مظفرگڑھ، بھکر، جھنگ، رحیم یار خان، صادق آباد، حافظ آباد سمیت صوبے کے تمام شہروں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم کر دیئے ہیں۔دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے اکیس گھنٹے کی بجلی بندش نے لوگوں کی زندگیاں اجیران کر رکھی ہیں۔ذرائع وزارت پانی و بجلی کے مطابق ملک میں بجلی کی طلب سولہ ہزار میگاواٹ ہے جبکہ پیداوار نو ہزار پانچ سو میگاواٹ رہ گئی ہے اس طرح واپڈا کو چھ ہزار پانچ سو میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔

تبصرے بند ہیں.