پنجاب:بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری بے حال

لاہور: لاہور سمیت پنجاب بھر میں بجلی کی طویل غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے سخت گرمی میں شہریوں کو بے حال کر رکھا ہے،کئی کئی گھنٹوں کی بجلی بندش سے لوگوں کے معمولات زندگی درھم برھم اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں۔ اہلیان لاہور ان دنوں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے باعث عذاب میں مبتلا ہیں۔شہر میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اٹھارہ گھنٹے تک جا پہنچا ہے۔جبکہ بعض علاقوں میں انیس سے بیس گھنٹے بجلی بندش کا سامنا ہے۔ہر گھنٹے بعد تین سے پانچ گھنٹے کی بجلی بندش نے لوگوں کا جینا محال کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی طویل بندش کے باعث انہیں نہ دن میں سکون مل رہا ہے اور نہ رات کو چین۔ صوبے کے دیگر شہروں میں بھی بجلی لوڈشیڈنگ کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ سیالکوٹ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، فیصل آباد، منڈی بہاو الدین، اوکاڑہ اور گجرات کے شہریوں کو سترہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ طویل بجلی بندش سے صنعتی اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں اور شہریوں کو پینے کے پانی کی قلت کا بھی سامنا ہے۔ وزیر آباد، ملتان، ساہیوال، خانیوال، چینوٹ، قصور، سرگودھا، مظفرگڑھ، بھکر، جھنگ، رحیم یار خان، صادق آباد، حافظ آباد سمیت صوبے کے تمام شہروں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم کر دیئے ہیں۔ دیہی علاقوں میں اٹھارہ سے اکیس گھنٹے کی بجلی بندش نے لوگوں کی زندگیاں اجیران کر رکھی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.