اسلام آباد ہائیکورٹ : پاسپورٹ لیمی نیشن پیپر کیس کا فیصلہ محفوظ
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاسپورٹ لیمی نیشن پیپر کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے،ڈی جی امیگریشن کہتے ہیں سابق وزیرداخلہ رحمان ملک من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینا چاہتے تھے، ان کے دور حکومت میں سائیکل پنکچر لگانے والے کو بھی بلیو پاسپورٹ دیا گیا جس سے قومی دستاویز کی بدنامی اور توہین ہوئی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر مشتمل سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ڈی جی امیگریشن ذوالفقار چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ سابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر کو گھر بلاکر من پسند کمپنی کو ٹھیکہ دینے کا کہا تھا۔لیمی نیشن پیپر کے ٹھیکے میں تاخیر کی اعلٰی سطح پر تحقیقات ہونا چاہئے۔ ذوالفقار چیمہ کے مطابق رحمان ملک کے دور میں سائیکل پنکچر لگانے والے کو بھی بلیو پاسپورٹ جاری کیا گیا،جس سے قومی دستاویز کی بدنامی اور توہین ہوئی۔ سابق دور میں جاری ہونے والے غیرمجاز بلیو پاسپورٹس منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔درخواست گزار فرانسیسی کمپنی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ متعلقہ حکام نے من مانی کرتے ہوئے امریکی کمپنی کو ٹھیکہ دیا اور لیمی نیشن پیپر کی پوری کھیپ ٹیسٹ کرائے بغیر خرید لی گئی۔
تبصرے بند ہیں.