ایڈنبرا: بارش نے بیٹنگ پریکٹس کی پاکستانی امیدیں دھو ڈالیں، طویل انتظار کے باوجود میدان کو کھیل کیلیے ساز گار نہ بنایا جا سکا، گرین شرٹس کے پرستاروں کی بڑی تعداد مایوس گھروں کو لوٹ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو بارش سے جل تھل ہونے والے میدان پر کھیل ممکن بنانے کی تمام تر کوششیں ناکام ہو گئیں، گزشتہ روز صبح کے وقت بوندا باندی نے گراؤنڈ اسٹاف کا کام مزید مشکل بنا دیا، مطلع ابر آلود رہنے کی وجہ سے میدان میں کئی جگہ پر جمع ہونے والا پانی خشک نہ کیا جا سکا، گرین شرٹس کی آمد پر بڑی تعداد میں موجود پاکستانی شائقین نے بھرپور استقبال کیا لیکن ان کی کھیل دیکھنے کی آرزو پوری نہ ہو سکی۔امپائر نے متعدد بار گراؤنڈ کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد بالآخر مقابلے کے امکانات مسترد کر دیے اگرچہ میچ آفیشلز مارک ہاؤتھرن اور ایان ریمیج نے پانچ مرتبہ صورتحال کا جائزہ لیا، دو میچزکی سیریز پاکستان نے ابتدائی ون ڈے میں کامیابی کی بدولت 1-0 سے اپنے نام کرلی، اسکاٹش کپتان کائل کوئٹزر نے میچ کے واش آؤٹ ہوجانے پر کہاکہ یہ واقعی مایوس کن بات ہے، اگرچہ ہمیں امید تھی کہ اگر ون ڈے نہیں ہوپایا تو آج ہم کم از کم ٹی 20 میچ ہی کھیل پائیں گے، لیکن ایساہونہیں سکا، پاکستانی ٹیم آئندہ ہفتے آئرلینڈ سے دو ون ڈے میچز کھیلے گی جو بالترتیب 23 اور 26 مئی کو شیڈول ہیں۔
تبصرے بند ہیں.