کیوی بیٹنگ لائن اسٹورٹ براڈ کے حملوں کی تاب نہ لاسکی، لارڈز ٹیسٹ انگلینڈ کے نام

انگلش ٹیم نے 170رنز کے واضح مارجن سے فتحیاب ہوتے ہوئے دو میچز کی سیریز میں 1-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی، انگلش فاسٹ بولر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 7 مہرے کھسکائے، اس پرفارمنس پر انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی چناگیا، دونوں ممالک میں دوسرا ٹیسٹ جمعہ24 مئی سے ہیڈنگلے میں شروع ہوگا۔تفصیلات کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کا نتیجہ چوتھے ہی دن انگلش ٹیم کے حق میں 170رنز کی بڑی فتح کی صورت برآمد ہوگیا، میزبان ٹیم کو دوسری باری میں 213 تک محدود کرکے کامیابی کیلیے 239 کا ہدف پانیو الی کیوی ٹیم کیلیے اسٹورٹ براڈ خطرناک بولر ثابت ہوئے، ان کے تباہ کن حملوں کے سامنے کوئی بھی مہمان بیٹسمین نہیں ٹھہرسکا۔کیوی ٹیم کی بساط دو گھنٹے کے کھیل میں 22.3 اوورز میں 68رنز پر لپٹ گئی، براڈ اور اینڈرسن نے کسی اور انگلش بولر کو قسمت آزمانے کا موقع ہی نہیں دیا، براڈ نے 11اوورزمیں 44رنز کے عوض7 شکارکیے، جنوبی افریقی نژاد بریڈلے جون واٹلنگ13 اور نیل ویگنر17رنز کے ساتھ انفرادی اسکورکو دہرے ہندسوں تک پہنچاپائے، اینڈرسن نے 2وکٹیں لیں، لنچ سے قبل کیوی ٹیم 29رنز پر 6وکٹیں کھو کر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی تھی، براڈ نے 32 گیندوں کے درمیان 22رنز دیکر5 شکار کیے، براڈ نے اپنے ابتدائی اوور کی تیسری گیند پر پیٹرفلٹن (1)کو وکٹ کے عقب میں کیچ کرایا، اس کے بعد ان کی شاندار گیند پر ہمیش ردرفورڈ کیلیے بھی وکٹیں بچائے رکھنا مشکل ہوگیا۔ انھوں نے 9رنز بنائے، پہلی اننگز میں 66رنز کے ساتھ نیوزی لینڈ کے ٹاپ اسکورر بننے والے روس ٹیلر بغیر کوئی رن بنائے براڈ کی گیند پر پہلی سلپ میں کک کو کیچ دے کر پویلین چلتے بنے، برینڈن میک کولم 8رنز بناسکے، اگرچہ انھوں نے براڈ کی گیند پر اپنے ایل بی ڈبلیو کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا، میچ کا اختتام نیل ویگنر کے رن آؤٹ ہونے پر ہوا، اس سے قبل کیوی بولر ٹم ساؤتھی نے وکٹ سے ملنے والی مدد سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو دوسری باری میں 213 پر محدود کردیا تھا، چھ وکٹ 180رنز سے نامکمل اننگزکو جاری کرنے والی میزبان ٹیم 10اوورز میں ہی آل آؤٹ ہوگئی، ساؤتھی نے 50رنز کے عوض6وکٹیں اپنے نام کیں، براڈ 26 ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں رہے۔

 

تبصرے بند ہیں.