الطاف حسین کیخلاف شکایات کے انبار لگ گئے ہیں، ایڈم تھامسن

اسلام آباد: پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن کا کہنا ہے کہ انتخابات کے فوری بعد دیا جانے والا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا بیان نوٹس میں ہے، لندن پولیس کے پاس الطاف حسین کی تقریر کے خلاف پاکستانی اور برطانوی شہریوں کی شکایات کے انبار لگ گئے ہیں۔ اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ مئی کے انتخابات میں ہرچیز مکمل طورپر ٹھیک نہیں تھی لیکن جمہوری عمل میں حصہ لینے سے پاکستانی قوم کا قد اونچا ہوا۔ ایڈم تھامسن نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کی شکایات کی تحقیقات کی ضرورت ہے۔ ایڈم تھامسن کا کہنا تھا کہ انتخابات کے فوری بعد الطاف حسین کا بیان نوٹس میں ہے۔ لندن پولیس کے پاس برطانوی اور پاکستانی شہریوں کی شکایات کے انبار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے ایسے بیانات کو سنجیدہ لینے کی ضرورت ہے۔ ایڈم تھامسن نے کہا کہ تشدد اور نفرت پھیلانے کا جرم ثابت ہونے پر سزا ہوسکتی ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں، الطاف حسین کی حوالگی مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات جمہوریت کی جانب ایک اور قدم ہے۔ ایڈم تھامسن نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے کے نواز شریف کے عزم کو سراہتے ہیں۔ ہمارے لیے یہ حوصلہ افزا ہے کہ نواز شریف ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات رکھنا چاہتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.