الیکشن کمیشن کا بیلٹ پیپرز پر انگوٹھے کے نشان چیک کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مبینہ انتخابی دھاندلی والے حلقوں میں بیلٹ پیپرز پر انگوٹھے کے نشان چیک کرنے کیلئے نادرا کی مدد طلب کرلی، این اے دوسوپچاس کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کیلئے درخواست کی سماعت جاری۔ دھاندلی کی شکایات درج کرانے کیلئے مختلف ہارنے والے امیدواروں کی الیکشن کمیشن آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ آج حامد خان، اسحاق خاکوانی، پیر صابر شاہ سمیت متعدد رہنما الیکشن کمیشن پہنچے اور انہوں نے اپنے اپنے حلقوں میں دھاندلی سے متعلق شکایات درج کرائیں۔ الیکشن کمیشن نے مبینہ دھاندلی والے حلقوں میں بیلٹ پیپرز پر انگوٹھے کا نشان چیک کرنے کیلئے نادرا کی مدد طلب کرلی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ابتدائی طورپرمشاورت کیلئے چیئرمین نادراطارق ملک کو بلالیا ہے جس کے بعد انگوٹھے کے نشان چیک کرنے کا طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کو انگوٹھے کے نشان چیک کرنے کیلئے درخواستیں بھی موصول ہوئی ہیں،جبکہ کراچی کے حلقے این اے دوسوپچاس کے تمام پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کیلئے مولوی اقبال حیدر کی درخواست کی سماعت جاری ہے۔ الیکشن کمیشن نے مذکورہ حلقے کے تینتالیس پولنگ اسٹیشنز پر انیس مئی کو دوبارہ پولنگ کا اعلان کر رکھا ہے۔
تبصرے بند ہیں.