Latest National, International, Sports & Business News

موجودہ صورتحال میں ہوش سےکام نہ لیا توہم بھی ملک کیخلاف سازش میں شریک سمجھےجائیں گے،الطاف حسین

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دشمن ہرطرح سے ملک کو کمزور کرنے کے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، اگر ہم نے ہوش کے بجائے جوش سے کام لیا تو پھر ہم بھی دشمنوں کی سازشوں میں برابر کے شریک سمجھے جائیں گے۔ لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کو بہت ہی نازک صورت حال کا سامنا ہے، دشمن کسی بھی طریقے سے پاکستان کو صفحہ ہستی سے مٹانا چاہتا ہے جس کے لئے ہر قسم کے اوچھے ہتھکنڈے استعمال ئے جارہے ہیں، ایسی صورتحال میں ہمیں جذبات اور اشتعال کے بجائے نہایت ہوشمندی اورصبر و برداشت سے کام لیناہوگا، اگرہم نے ہوش کے بجائے جوش سے کام لیا توپھر ہم بھی دشمنوں کی سازشوں میں برابرکے شریک سمجھے جائیں گے۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پورے ملک کو فرقہ وارانہ فسادات کی آگ میں جھونکنے کی سازش کی جارہی ہے۔ ملت اسلامیہ اور تمام پاکستانی اپنے مثالی اتحاد کا مظاہرہ کرکے فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کو ناکام بنادیں۔ عوام کسی بھی واقعے پر فوری رد عمل کے بجائے اس کی تصدیق کریں۔ ملک بھر میں شیعہ سنی اکابرین پر مشتمل امن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو متعلقہ علاقوں میں شرپسندوں پر نظر رکھنے کے لئے باقاعدہ ڈیوٹیاں دیں۔

تبصرے بند ہیں.