کراچی میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلیے متحدہ قومی موومنٹ،جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی،دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں اور آزاد امیدواروں نے پانچوں اضلاع میں ہزاروں کی تعداد میں کونسلرز اور چیئرمین ووائس چیئرمین کی نشستوں کیلیے منگل کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ڈاکٹر فاروق ستار،سید شاکرعلی،وسیم اختر،خوش بخت شجاعت و دیگر رہنمائوں نے چیئرمین ووائس چیئرمین کیلیے کاغذات نامزدگیاں جمع کرائیں، پیپلز پارٹی اورجماعت اسلامی کے اہم رہنماآج کاغذات نامزدگی جمع کرائیںگے،خواتین کی بڑی تعداد نے بھی کونسلرزنشست پرمنتخب ہونے کیلیے اپنے دستاویزات قطاروں میں لگ کر جمع کرائے، انتخابی عملے کی کمی اورانتخابی قوانین سے لاعلمی کے باعث امیدواروں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، ووٹرز سرٹیفکیٹ اورووٹ ٹرانسفر کیلیے امیدواروں اپنے رشتے داروں کوقطاروں میں لگاکردیگرامورانجام دیتے رہے، امیدواروں کی بھیڑاورریٹرننگ افسران کی عدم دلچسپی کے باعث معاملات بدنظمی اورافراتفری کا شکار رہے۔منگل کوکاغذات نامزدگی جمع کرانے کاآخری روز تھاتاہم الیکشن کمیشن نے آخری لمحات میں ایک دن کی توسیع کااعلان کردیا ،کاغٓزات نامزدگی جمع کرانے سے محروم رہ جانے والے امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔امیدواروں نے الیکشن کمیشن پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اگر ایک دن کی توسیع کرنی تھی تواس کا اعلان پہلے ہی کردیناچاہیے تھا،الیکشن کمیشن نے اس الیکشن میں کوئی منصوبہ بندی نہیں کی ہے، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ضلع جنوبی اور دیگر اضلاع میں تاخیر سے پہنچے اور12بجے کاغذات نامزدگیاں وصول کرنے کاسلسلہ شروع ہوا۔منگل کوضلع شرقی میں ایم کیوایم کے رہنماڈاکٹرفاروق ستارنے یونین کونسل13پی آئی بی کالونی سے چیئرمین کی نشست اوروسیم اختر نے جیکب لائن سے چیئرمین کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،ضلع وسطی سے ایم کیوایم کے رہنماسیدشاکرعلی نے یونین کونسل 31 گلبرگ سے چیئرمین ووائس چیئرمین، چیئرمین اور خوش بخت شجاعت نے وائس چیئرمین کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، عارف ایڈووکیٹ،ارشد جمالی اورشیخ محمد افضل نے بھی مختلف نشستوں کیلیے کاغذات نامزدگیاں جمع کرائیں۔ پیپلزپارٹی کے رہنمانجمی عالم اورجماعت اسلامی کے ترجمان نے بتایاکہ منگل کودونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے بڑی تعدادمیں کاغذات نامزدگی جمع کرائیںگے،جماعت اسلامی کی جانب سے منگل کو100سے زائد امیدواروں نے مختلف نشستوں کیلیے کاغذات نامزدگیاں جمع کرائیں جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پانچوں اضلاع میں900سے زائد فارمز جمع کرائے گئے،کاغذات نامزدگیاں جمع کرنے کا سلسلہ رات10بجے تک جاری رہا،اثاثوں کی تفصیلات اورٹیکس گوشوار ے کم مہلت کے باعث کونسلرز امیدواروں کی بڑی تعداد نہ بنواسکی جس کے باعث وہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے محروم رہے،امیدوارآج بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائیںگے۔
تبصرے بند ہیں.