برطانیہ روانگی ، چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستانی کرکٹرز آج یکجا ہونگے
اہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آخری ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کا عزم لیے قومی کرکٹ ٹیم پیر اور منگل کی درمیانی شب آج بیرون ملک روانہ ہوگی، اسپاٹ فکسنگ سمیت کسی بھی بڑے تنازع سے بچنے کے لیے پی سی بی کا تھنک ٹینک پیر کو کھلاڑیوں کو کوڈ آف کنڈکٹ کا آخری سبق یاد کروائے گا۔ ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ کے مطابق ہمیں بخوبی اندازہ ہے کہ دورئہ انگلینڈ آسان نہیں ہے، حریف ٹیموں اور انگلش میڈیا دونوں کے ساتھ بیک وقت لڑنا پڑے گا، تاہم تمام چیلنجز کا احسن طریقے سے مقابلے کرنے کے فن سے بخوبی آگاہ ہیں۔تفصیلات کے مطابق آئندہ ماہ انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی شاہین اپنی اڑان پیر اور منگل کی درمیان شب بھریں گے، میگا ایونٹ کا حصہ بننے والے تمام کھلاڑی اور آفیشلز پیر کو دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اکٹھے ہوں گے جہاں سے وہ رات ایک بجے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچیں گے اور 2 گھنٹے کے بعد براستہ دبئی اسکاٹ لینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔ بیرون ملک جانے والے میں کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، عمران فرحت، ناصر جمشید، کامران اکمل، مصباح الحق(کپتان)، شعیب ملک، اسد شفیق، سعید اجمل، جنید خان، محمد عرفان، اسد علی، وہاب ریاض، عمر امین، عبدالرحمن اور احسان عادل جبکہ ٹیم منیجمنٹ میں ڈیو واٹمور چیف کوچ، محمد اکرم بولنگ کوچ، جولین فاؤنٹین فیلڈنگ کوچ، نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر، سیکیورٹی منیجر کرنل وسیم، اسسٹنٹ منیجر شاہد اسلم و دیگر شامل ہیں۔ یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی6جون سے17جون تک انگلینڈ میں کھیلی جائے گی۔میگا ایونٹ کا حصہ بننے سے پہلے مصباح الحق الیون اسکاٹ لینڈ اورآئرلینڈ کے خلاف 2، 2 میچز کی سیریز کھیلے گی اور اس کے بعد آئی سی سی ایونٹ میں قومی ٹیم ایونٹ میں پہلا میچ 7 جون کو ویسٹ انڈیز سے کھیلے گی، چیمپئنز ٹرافی میں عوامی توقعات کے مطابق نتائج حاصل کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایبٹ آباد کے پرفضا مقام پر فوجی انداز میں سخت ٹریننگ کی۔
تبصرے بند ہیں.