محکمہ موسمیات نے آج شام ملک کے بالائی علاقوں جبکہ اگلے چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی سمیت جنوبی سندھ اور خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شام بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران جنوبی سندھ ، جنوبی خیبرپختونخوا اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی۔ اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ ڈویژن، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان، میرپور خاص، حیدر آباد، کراچی ڈویژن میں بھی بارش کی توقع ہے۔ بنوں، ڈی آئی خان ڈویژن اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی کا امکان ہے۔ اس بارش کی بدولت گزشتہ چار، پانچ روز سے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری گرمی اور حبس کی کیفیت میں آج سے کمی کا امکان ہے۔ رواں ہفتے کے اختتام پر ملک کے بالائی علاقے مغربی ہواؤں کے زیر اثر آ جائیں گے۔ چاول کی کاشت کے علاقوں ( گوجرانوالہ، لاہور، ساہیوال، فیصل آباد ڈویژن) میں جمعہ سے پیر کے دوران بارش کا امکان ہے کاشتکاروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم مالاکنڈ، ہزارہ، حیدرآباد ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند ایک مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش پارا چنار میں تیہتر ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
تبصرے بند ہیں.