کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان میں 7.8 شدت کا زلزلہ، آواران میں 2 افراد جاں بحق

کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں جس کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی ہے، زلزلے کے باعث آواران میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔ شام 4بج کر 29منٹ پر کراچی، حیدر آباد، سکھر، نوابشاہ، خیر پور، لاڑکانہ، کوئٹہ، تربت، خضدار، حب، وندر اور اوتھل میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز بلوچستان کےعلاقے دالبندین سے 145 کلومیٹر جنوب مشرق میں 23 کلو میٹر گہرائی میں تھا زلزلے کا دورانیہ 8سیکنڈز تھا۔ زلزلے کے باعث عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ اپنے گھروں اور دفاتر کی عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کی وجہ سے بلوچستانب کے ضلع آواران میں کچے مکان گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ زلزلے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ بھارت،ایران ، افغانستان، متحدہ عرب امارات اور مسقط کے مختلف علاقوں میں بھی جھٹکے محسوس کئے گئے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت کے پیش نظر آفٹر شاکس آسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 16 اپریل کو بھی کراچی میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم اس سے شہر میں کسی بھی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا تھا لیکن بلوچستان کے علاقے ماشکیل میں 34 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.