شادیوں میں بے جااخراجات پر پابندی کا غیر سرکاری بل سندھ اسمبلی میں پیش

کراچی: شادی بیاہ کے موقع پر بے جا اخراجات پر پابندی کا غیر سرکاری بل سندھ اسمبلی میں پیش کردیا گیا ہے۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کی زیر صدارت ہوا جس میں شادیوں میں بے جا اخراجات پر پابندی کا غیر سرکاری بل پیپلز پارٹی کی رکن سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی پیش کیا، بل کے متن میں کہا گیا ہے کہ شادی کے موقع پر صرف شادی والے گھر کو سجایا جائے اور سڑکوں، گلیوں، پارکوں اور قریبی عمارات کو سجانے پر پابندی لگائی جائے، گھر کے سامنے 10 فٹ ایریا شادی کے لئے استعمال کیا جائے، مہمانوں کی تواضع ون ڈش یا گرم اور سرد مشروبات یا اسنیکس سے کی جائے اور شادی کے موقع پر آتش بازی، پٹاخے اور دھماکا خیز مواد کے استعمال پر پابندی لگائی جائے۔ شرمیلا فاروقی کی جانب سے پیش کئے گئے بل میں ایوان کو اس پابندی کا اطلاق ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شادی ہالز، پبلک پارکس، گراؤنڈز، نجی املاک اور کیٹرنگ والوں پر کرنے کی تجویز دی گئی ہے اور مزید کہا گیا ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے پر7 سال قید یا 10 لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں عائد کیا جائے۔ شرمیلا فاروقی نے اس حوالے سے اسمبلی سے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ون ڈش کے فیصلے سے سب سے زیادہ فائدہ معاشرے کے سفید پوش ظبقات کو ہوگا کیونکہ شادی میں بے جا اخراجات سے سب سے زیادہ مسائل اس طبقے کے لئے پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا بے جا اخراجات پر پابندی کا بل صرف عام شہریوں کے لئے نہیں پیش کیا گیا بلکہ وہ خود اپنی شادی میں بھی ون ڈش کا اہتمام کریں گی۔

تبصرے بند ہیں.