پشاور:گرجا گھر میں یکے بعد دیگرے دوخودکش دھماکے،جاں بحق افراد کی تعداد 61ہوگئی

پشاور: کوہاٹی گیٹ میں واقع گرجا گھر میں یکے بعد دیگرے دو خودکش دھماکوں سے جاں بحق افراد کی تعداد61 ہوگئی ہے جبکہ سو سے زائد افراد زخمی ہیں۔ پشاور کے علاقے کوہاٹی گیٹ میں واقع سینٹ جان چرچ میں اتوار کے روز ہونے والی خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کے بعد مسیحی برادری کے سیکڑوں افراد باہر آرہے تھے کہ ایک خودکش حملہ ہوا جس کے فوری بعد دوسرے حملہ آور نے بھی اپنے آپ کو ہجوم میں آکر دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 61 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال پہنچا یا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ جاں بحق افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی بم ڈسپوزل اسکواڈ شفقت ملک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ خود کش دھماکوں میں 12 کلو گرام بارود استعمال ہوا، دونوں حملہ آوروں نے 6، 6 کلو وزنی جیکٹ پہن رکھی تھی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کو فوری طور پر پشاور پہنچنے کی ہدایت کی ہے جبکہ زخمیوں کواسلام آباد منتقل کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کابینہ ڈویژن کوہیلی کاپٹربھجوانے کاحکم دے دیا ہے۔ واقعے کے خلاف ایم کیو ایم، اے این پی اورجے یو آئی (ف) نے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے جبکہ کونسل برائے عالمی مذاہب کی کال پر ملک بھر کے تمام مشنری تعلیمی ادارے 3 دن تک بند رہیں گے۔

تبصرے بند ہیں.