مری سے گرفتار کئے گئے ٹارگٹ کلرز کا تعلق سنی تحریک اور لیاری گینگ وار سے ہے، ڈی آئی جی ساؤتھ

کراچی: ڈی آئی جی ساؤتھ عبدالخالق شیخ کا کہنا ہے کہ مری سے گرفتار کئے گئے ٹارگٹ کلرز میں سے بیشتر کا تعلق سنی تحریک اور چند کا لیاری گینگ وار سے ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالخالق شیخ نے کہا کہ مری سے گرفتار کئے گئے ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان سمیت دیگر کئی سنگین جرائم میں ملوث ہیں، ایک ملزم کو لاہور سے بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کے بعد دیگر شہروں سے گرفتار کئے گئے ملزمان کی تعداد 15 ہوگئی ہے جبکہ ملزمان اپنے جرم کا اعتراف بھی کرچکے ہیں۔ عبدالخالق شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور یہ آپریشن کسی مخصوص جماعت یا طبقے کے خلاف نہیں ہورہا بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھی چاہتے ہیں کہ کراچی میں امن ہو لیکن اس کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ دوسری جانب سنی تحریک کے ترجمان نے کارکنان کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز اور پولیس کی کارکردگی پر انگلیاں نہیں اٹھائیں لیکن ٹارگٹ کلرز کے خلاف کارروائی بلاتفریق ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کارکن جان کے تحفظ کے لئے دوسرے شہروں میں گئے لیکن شہر کا امن وامان تباہ کرنے والے اصل ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے ہمارے کارکنان کو ہی گرفتار کرلیا گیا۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل مری پولیس نے 3 ہوٹلوں میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 14 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.