بلاول بھٹو زرداری کی آج 25 ویں سالگرہ، انتخابات لڑنے کے اہل ہوگئے

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری 25 برس کے ہوگئے ہیں اس کے ساتھ ہی وہ ملک کے آئین کے تحت انتخابات میں حصہ لینے کے اہل بھی ہوچکے ہیں۔ 21 سمتبر 1988 کو پیدا ہونے والے بلاول بھٹو زرداری نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے دور حاضر کی تاریخ اور بین الاقوامی سیاست میں اپنی گریجویشن کی ڈگری حاصل کی ہے۔ اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی کا چیئرمین اور ان کے والد سابق صدر آصف علی زرادری کو شریک چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ سیاسی سرگرمیوں کی راہ میں حائل آئینی رکاوٹ ختم ہونے کے باوجود بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے فعال کردار ادا کرنے کے معاملے پر خاصے شکوک پائے جاتے ہیں۔ 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری نے مبینہ طور پر سیکیورٹی کے شدید خدشات کے باعث انتخابی مہم کی قیادت نہیں کی تھی جس کا نتیجہ پیپلز پارٹی کو بھاری شکست کی صورت میں دیکھنا پڑا تھا۔ بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکریٹری ہاشم شیخ کا کہنا ہے کہ وہ عملی سیاست میں حصہ لینے کے لیے بے تاب ہیں اور مستقبل میں وہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ رابطہ قائم کرکے قیادت اور کارکنوں کے درمیان پایا جانے والا خلا ختم کر دیں گے۔ دوسری جانب پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سردار لچیف کھوسہ کا کہنا ہے ک آئندہ انتخابات تک بلاول پارٹی میں نوجوانوں کو شامل کرنے کے لئے اہم کردار ادا کریں گے جبکہ اس دوران آصف زرداری عملی طور پر پارٹی معاملات خود دیکھیں گے۔

تبصرے بند ہیں.