حکومت ملک كو درپیش معاشی مسائل پر كوئی سیاسی دباؤ قبول نہیں كررہی، وزیراعظم نوازشریف

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے كہا ہے كہ ان كی حكومت ملک كو درپیش معاشی مسائل كے حوالے سے كوئی سیاسی دباؤ قبول نہیں كررہی بلکہ ایک نئی اور باصلاحیت ٹیم توانائی بحران كو حل كرنے كے لئے كام كررہی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس میں عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) كے وفد سے گفتگو كرتے ہوئے وزیراعظم نے كہا كہ حكومت كی خواہش ہے كہ ملک كو مضبوط معاشی بنیادوں پر كھڑا كیا جاسكے اس مقصد كے لئے باصلاحیت افراد پر مشتمل ٹیم كو ذمہ داری سونپی گئی ہے جو دن رات بھرپور لگن سے كام كررہی ہے، وزیراعظم نے كہا كہ پاكستان بین الاقوامی اداروں سے متعلق اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور ایک دوسرے كے مینڈیٹ كے حوالے سے مفاہمت پائی جاتی ہے، امید ہے کہ پاكستان میں سرمایہ كاری كا ماحول بہتر بنانے كی كوششوں كے نتیجے میں زرمبادلہ كے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر آئی ایم ایف كے وفد نے وزیراعظم میاں نواز شریف كو جمہوری طریقے سے بلاركاوٹ انتقال اقتدار پر مباركباد پیش کی اور کہا کہ پاكستان كی موجودہ حكومت كے پاس ملک میں معاشی بحالی كے لئے ایک موزوں اور واضح منصوبہ موجود ہے اور اس حوالے سے اصلاحات پر عملدرآمد كی گنجائش پائی جاتی ہے، آئی ایم ایف كے وفد كی قیادت ڈائریكٹر مڈل ایسٹ و سینٹرل ایشیا مسعود احمد اور مشن چیف جیفری فرانكس نے كی، اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سیكریٹری خزانہ وقار مسعود بھی موجود تھے۔

تبصرے بند ہیں.