اوگرا کرپشن کیس؛ توقیر صادق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 دن کی توسیع

اسلام آ باد: احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن اسکینڈل کے مرکزی ملزم توقیر صادق کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کے سامنے پیش کیا گیا، اس موقع پر نیب پراسیکوٹر بیرسٹر سعید الرحمان نے عدالت کو بتایا کہ اب تک 54 ارب 85 کروڑ روپے کی ریکوری کی جا چکی ہے، جبکہ ملزم توقیر صادق کے دبئی کے بینک اکاؤنٹ سے 1 لاکھ درہم منتقلی کے شواہد اکٹھے کرنے ہیں، انہوں نے بتایا کہ توقیر صادق پر سی این جی اسٹیشنزکے لائسنس کے اجرا میں بے قاعدگیوں اور کمپنیوں کو گیس نقصانات کی زیادہ شرح دینے کا بھی الزام ہے، اس سلسلے میں گیس کمپنیوں کے بعض اہم گواہوں کی شہادتیں بھی آئی ہیں، اس لیے ملزم توقیر صادق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 10 روز توسیع کی جائے۔ اس موقع پر ملزم توقیر صادق کے وکیل عصمت اللہ نے موقف اختیار کیا کہ توقیر صادق کا 64 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے، انہیں دبئی میں بھی 20 روز نیب کی تحویل میں رہ چکے ہیں، جبکہ نیب بھی 4 مرتبہ توقیر صادق کا جسمانی ریمانڈ لے چکی ہے، ان کا کہنا تھا کہ نیب کی جانب سے توقیر صادق کے ریمانڈ کے لیے عدالت میں ایک ہی کہانی سنائی جاتی ہیں، جس پر عدالت نے ملزم توقیر صادق کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 3 روز کی توسیع دیتے ہوئے انہیں 13 اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے توقیر صادق کی استدعا پر انہیں بہن سے ملنے کی بھی اجازت دے دی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 2011 میں توقیر صادق کی بحیثیت چیرمین اوگرا تقرری کالعدم قرار دی تھی جس کے بعد وہ بیرون ملک فرار ہوگئے تھے

تبصرے بند ہیں.