کراچی:تمام اسلحہ لائسنسوں کی ایک ہفتے میں تصدیق کافیصلہ

کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں جاری کیے گئے تمام اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزڈ تصدیق کا فیصلہ کرلیا ہے ،تصدیق کا عمل رواں ہفتہ ہی شروع کردیا جائے گا۔ جبکہ نئی اسلحہ لائسنس پالیسی کے تحت کوئی بھی شہری 4سے زائد اسلحہ لائسنس حاصل نہیں کرسکے گا،کراچی کے داخلی راستوں پرمسافروں کی شناخت کے لیے بائیو میٹرک سسٹم جلد نصب کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ نے پیرکوسندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس کو بتائی، اجلاس میں امن و امان کی صورت حال،عدلیہ کے انتظامی و مالی مسائل سمیت مختلف امور پرغورکیا گیا، ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے اجلاس کوبتایاکہ سندھ حکومت نے غیرقانونی اسلحہ کی روک تھام کے لیے پالیسی تیارکرلی ہے۔نئی پالیسی کے تحت جاری کردہ تمام لائسنس کی کمپیوٹرائزڈ تصدیق اورریکارڈ مرتب کیا جائے گا تاکہ کسی بھی دہشت گردی کی واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے کاجائزہ اس ریکارڈکی روشنی میں لیا جاسکے،مقررہ مدت کے بعد غیرتصدیق تمام لائسنس منسوخ کردیے جائیں گے،ذرائع کے مطابق اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی نئی عدالتوں کے قیام کے لیے جگہ کا معاملہ بھی زیرغورآیاجبکہ سندھ ہائی کورٹ کی نئی عمارت کی تعمیر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ماتحت عدالتوں کی منتقلی کے لیے اقدامات پربھی غورکیاگیا۔ذرائع کے مطابق چیف جسٹس مشیرعالم نے مجموعی طور پرسرکاری اداروں کی کارکردگی پرعدم اطمینان کااظہار کیا۔

تبصرے بند ہیں.