کراچی اسٹاک مارکیٹ؛ غیر ملکی دلچسپی برقرار، انڈیکس پہلی بار 19661 پر پہنچ گیا
کراچی: عام انتخابات کے مقررہ وقت انعقاد یقینی ہونے پرغیرملکی فنڈز اور انسٹی ٹیوشنز کی مخصوص شعبوں میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو بھی نمایاں تیزی کی لہر رہنے کے باعث انڈیکس تاریخ کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ تیزی کے باعث انڈیکس کی19500 اور19600 کی 2 نفسیاتی حدیں بیک عبور ہو گئیں،54 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 33 ارب35 کروڑ90 لاکھ6 ہزار98 روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروباری دورانیے میں بلحاظ تجارت ایم سی بی بینک کے حصص سرفہرست رہے اور ایک موقع پر 263.70 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی19700 کی نفسیاتی حد بھی عبور ہوگئی تھی لیکن بعد ازاں تکنیکی درستگی کے سبب تیزی کی شرح میں کمی ہوئی، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ریٹیل انویسٹرز سمیت دیگر شعبے مارکیٹ سے بدستور آئوٹ رہے۔ جنہوں نے دیکھواور انتظار کرو کی پالیسی اختیار کی ہوئی ہے، ٹریڈنگ کے دوران مقامی کمپنیوں کی جانب سے3 لاکھ 64 ہزار449 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے21 لاکھ41 ہزار304 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے18 لاکھ 835 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے21 لاکھ47 ہزار270 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے21 لاکھ 86 ہزار462 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا لیکن اس وسیع پیمانے پر انخلا کے باوجود مارکیٹ میں مندی رونما نہ ہوسکی۔
تبصرے بند ہیں.