لاہور / مظفرگڑھ / حیدرآباد: دریائے سندھ کے گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو گیا۔مظفرگڑھ اور وہاڑی کے بندوں پر شگاف سے مزید درجنوں بستیاں زیرآب آ گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر پانی کی سطح 4لاکھ 19ہزارسے تجاوز کر گئی، سکھر بیراج پر پانی کی سطح 3لاکھ 44ہزار7سو75کیوسک رہی جبکہ کوٹری بیراج سے 2لاکھ 38ہزار کیوسک پانی سمندر میں چھوڑا جا رہا ہے۔ لاڑکانہ میں نصرت آگانی اور عاقل لوپ بندوں سے اونچے درجے کا سیلاب گزرا۔ محکمہ آب پاشی کا کہنا ہے کہ پانی کے بہائو میں کمی آنا شروع ہو جائیگی۔ مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کے علاقے سیت پور میں رات گئے حفاظتی بند میں شگاف پڑ گیا جس سے دریائے چناب کا پانی سیت پور کی کئی بستیوں میں داخل ہو گیا۔ دریائے ستلج میں ضلع وہاڑی کی بستی آرائیاں اور دریائے چناب میں اوچ شریف کے مقام پر نور والا اور غفورآباد میں بندوں میں شگاف پڑنے سے سیلابی ریلے کئی بستیوں میں داخل ہو گئے جبکہ ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں۔ دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جس سے کچے کے متعدد دیہات زیرآب آ گئے، کوٹری بیراج پر پانی کی سطح بڑھنے سے جامشورو میں انڑپور اور یوسی مانجھی میں متعدد کچے کے دیہات زیرآب آ گئے ہیں اور لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں، متاثرین نے امداد فراہم نہ کرنے پر جامشورو ضلعی انتظامیہ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے بتایا کہ انکی کوئی مدد نہیں کی جا رہی اور وہ کھلے آسمان تلے فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔ادھر ضلع مٹیاری میں بھی کچے کے سو فیصد علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔محکمہ آبپاشی کی جانب سے بھانوٹ بند پر سیلابی ریلا 5لاکھ کیوسک سے تجاوز کر جانے کے اعلان کے بعد ضلعی انتظامیہ نے بھانوٹ میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور کچے میں رہنے والے باقی لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی۔ آئی این پی کے مطابق گڈو کے مقام پر سطح بڑھنے کے بعد سکھر اور گھوٹکی کے پچاس سے زائد دیہات اور سینکڑوں ایکڑ فصلیں پانی کی لپیٹ میں آ گئی ہیں، گڈو بیراج پر دریائے سندھ دوبارہ بپھرنے لگا اور یہاں اونچے درجے کے سیلاب کا امکان ہے۔ کمشنر سکھر ڈاکٹر نیاز نے بتایا کہ سیلابی صورتحال قابو میں اور تمام انتظامات مکمل ہیں، انھوں نے ہدایت کی کہ بندوں کی 24گھنٹے نگرانی کی جائے۔ دریں اثناء بوریوالہ موضع بھٹیاں کا نوجوان اسلم دریائے ستلج میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ ڈی جی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھا رٹی سندھ کے کمانڈر سید سلیما ن شا ہ نے کہا ہے کہ صو بے میں سیلا بی صو رتحا ل مکمل کنٹرول میں ہے ،گڈو اور سکھر بیرا ج پر درمیا نے درجے کا سیلا ب ہے جبکہ حید ر آبا د ڈویژن کے اضلا ع دادو ،حیدر آبا د ،مٹیا ر ی ،ٹھٹھہ ،بدین اور ٹنڈو محمد خا ن کے ڈی سیز کو پہلے ہی اطلا ع دی جا چکی ہے کہ سکھر بیرا ج سے گزر نے وا لا سیلا بی پا نی حیدر آبا د ڈویژن میں دا خل ہو نے سے کچے کے علا قوں میں آبا د لو گو ں کو شدید خطرہ ہو سکتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.