ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا علی حیدر گیلانی کے اغوا پر تشویش کا اظہار

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ملتان میں پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ لندن سے جاری بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ ایک منظم سازشی منصوبے کے تحت اعتدال اور ترقی پسند جماعتوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، دہشت گردوں کی جانب سے بے گناہ شہریوں کو شہید وزخمی کرنے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کواغوا کرنے کی واردات ملک بھر کے عوام کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ الطاف حسین نے صدر اور نگراں حکومت سے مطالبہ کیا کہ علی حیدرگیلانی کے اغواکے واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور انہیں بحفاظت بازیاب کرایا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کو گرفتارکرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ دوسری جانب صدرآصف زرداری، نگراں وزیراعظم میرہزارخان کھوسو، مسلم لیگ(ن) کے صدر نوازشریف اوردیگر قومی رہنماؤں نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ ملتان میں پیپلزپارٹی کی کارنر میٹنگ کے بعد مسلح افراد یوسف رضا گیلانی کے چھوٹے صاحبزادے علی حیدر گیلانی کو اغوا کرکے لے گئے جب کہ اس دوران فائرنگ سے 2افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.