Latest National, International, Sports & Business News

خیبر پختونخوا کا سروسز ٹیکس وصولی پر وفاق سے احتجاج

اسلام آباد: پنجاب اور سندھ کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے بھی ایف بی آر کو صوبے میں سروسز پر سیلز ٹیکس وصول کرنے سے روک دیا ہے۔ اس ضمن میں خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے ایف بی آر کو لیٹر لکھا گیا ہے کہ صوبے میں سروسز پر سیلز ٹیکس وصول کرنے کیلیے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) قائم کر دی ہے اور یکم جولائی 2013 سے مذکورہ اتھارٹی نے کام بھی شروع کردیا ہے جس کے تحت اب خیبرپختونخوا میں سیلز ٹیکس وصولی یہ اتھارٹی خود کرے گی لیکن حکومت کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ ایف بی آرکی طرف سے اب بھی خیبر پختونخوا کے علاقوں سے سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی کی جا رہی ہے جو آئین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے لہٰذا وفاق سے درخواست کی جاتی ہے کہ ایف بی آر کو خیبر پختونخوا میں سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی سے روکا جائے اور یکم جولائی 2013 کے بعد سے ایف بی آر نے صوبے میں سروسز پر جو ٹیکس وصولی کی ہے وہ تمام واجبات خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی کو واپس کیے جائیں۔ایف بی آر آئندہ صوبے میں سروسز پر سیلز ٹیکس وصولی نہ کرے، یہ ٹیکس کے پی آر اے خود وصول کرے گی۔ واضح رہے کہ سندھ ریونیو بورڈ اور پنجاب ریونیو اتھارٹی پہلے ہی قائم ہوچکی ہیں اور یہ دونوں صوبے سروسز پر سیلز ٹیکس خود عائد اور وصول کررہے ہیں، اب صوبہ خیبرپختونخوا نے بھی خود ٹیکس عائد کرنا اور وصول کرنا شروع کردیا ہے، اس لیے اب ایف بی آر صرف بلوچستان میں سروسز پر سیلز ٹیکس وصول کرسکے گا کیونکہ بلوچستان میں ابھی تک ٹیکس اکھٹا کرنے والی اتھارٹی یا ادارہ قائم نہیں کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.