ایبٹ آباد کیمپ، ٹیم کی فیلڈنگ اور فٹنس میں بہتری آگئی، کپتان
ایبٹ آباد: قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کو چیمپئنز ٹرافی میں عمدہ کھیل کا یقین ہے۔ انھوں نے کہا کہ پُرفضا مقام پر بھرپور لگن اور محنت سے ہفتہ بھر اکٹھے سرگرم رہنے کے بعد کھلاڑی ایک یونٹ میں ڈھل چکے، سخت ٹریننگ سے ٹیم کی فیلڈنگ اور فٹنس میں بھی بہتری آ گئی، جنوبی افریقہ کی مشکل ترین کنڈیشنزمیں کھیلنے کا تجربہ انگلینڈ میں کام آئے گا۔کوچ ڈیو واٹمور کا کہنا ہے کہ پروٹیز سے ون ڈے سیریز میں کارکردگی بُری نہیں تھی،اس دوران سامنے آنے والی خامیاں دور کرنے کیلیے ہوم ورک مکمل کرلیا، فٹنس اور مہارت دونوں میں بہتری لانے کیلیے کوشش کی، دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تربیتی کیمپ ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق نے کہاکہ ایبٹ آباد کے پُرفضا مقام پر بھرپور لگن اور محنت سے ہفتے بھر سرگرم رہنے کے بعدکھلاڑی ایک یونٹ میں ڈھل چکے ہیں، یہاں موسم اچھا ہونے کے ساتھ گیند سوئنگ اورٹرن ہورہی تھی،کھلاڑیوں کو ایونٹ کے ممکنہ ماحول سے خاصی ہم آہنگی حاصل ہوگئی، انھوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کی مشکل ترین کنڈیشنزمیں کھیلنے کا تجربہ انگلینڈ میں کام آئے گا ، پروٹیز سے سیریز کی بانسبت چیمپئنز ٹرافی میں پچز اور ماحول ہمارے لیے زیادہ سازگار ہوگا،اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف میچز بیٹسمینوں کو کنڈیشنز اور پچز کا مزاج سمجھنے میں مدد فراہم کریں گے، دوسری طرف بولرز کو ردھم میں آنے کا موقع بھی ملے گا۔
تبصرے بند ہیں.