چیمپئنز ٹرافی، ظہیر نے ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی امیدیں لگالیں
کراچی: سابق کپتان ظہیر عباس نے چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم سے عمدہ کارکردگی کی امیدیں لگا لیں۔ ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ایونٹ میں پاکستان کی جانب سے عمدہ کھیل سامنے آئے گا، کپتان مصباح الحق اور نائب محمد حفیظ کو اچھی منصوبہ بندی کرکے گرائونڈ میں اترنا چاہیے، انھوں نے کہا کہ یہ نوجوان کھلاڑیوں کیلیے میگا ایونٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کا ایک اچھا موقع ہے۔ ایشین بریڈمین کے نام سے مشہور سابق عظیم بیٹسمین نے کہا کہ میں نے ٹرینٹ ووڈہل کا نام پہلی بار سنا، پی سی بی نے نجانے کیوں انھیں بیٹنگ کوچ مقرر کر دیا، ان کی جگہ کسی ماہر شخص کی خدمات حاصل کرنی چاہیے تھیں،اس وقت ٹرینٹ وڈہل کو بے شک دنیا میں کوئی نہیں جانتا لیکن پاکستانی ٹیم کے ساتھ منسلک ہونے کے بعد وہ مشہور ہوجائیں گے، مجھے لگتا ہے کہ کھلاڑیوں پر اس کا اچھا اثر نہیں ہوگا، پی سی بی نے صرف بیٹنگ کوچ کی اسامی پُر کرنے کیلیے انھیں ذمہ داری سونپی۔سابق کپتان نے کہا کہ تین ہفتوں کے کم وقت میں ووڈ ہل بیٹنگ میں کیا بہتری لا سکیں گے؟جنوبی افریقہ سے ٹیسٹ سیریز میں 0-3 کی شکست کے بعد پی سی بی کو کسی ماہر بیٹنگ کوچ کا تقرر کرنا چاہیے تھا، یاد رہے ظہیرعباس خود اس پوسٹ کے امیدوار تھے تاہم مطلوبہ ڈگری نہ ہونے کے سبب بورڈ نے انھیں ذمہ داری نہیں سونپی، ووڈہل آسٹریلوی گریڈ کرکٹر رہے ہیں، وہ بگ بیش لیگ میں میلبورن اسٹارز اور آئی پی ایل میں دہلی ڈیرڈیولز کے کوچنگ سیٹ اپ میں شال ہیں، گذشتہ برس انھوں نے بطور نائب کوچ نیوزی لینڈ کیلیے بھی خدمات انجام دیں۔
تبصرے بند ہیں.