انڈر 16 ہاکی، لاہور نے چیمپئن کا تاج سر پر سجا لیا

لاہور: لاہور نے سیالکوٹ کو پنالٹی شوٹ آؤٹس پر ہرا کر قومی انڈر16ہاکی چیمپئن شپ کا تاج سر پر سجا لیا، فیصل آباد نے ملتان کو پچھاڑ کر تیسری پوزیشن حاصل کی، سیالکوٹ کے گول کیپرحفیظ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دریں اثنا صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاکے مطابق ایونٹ میں شریک نوجوان کھلاڑیو ں کی شاندارکارکردگی کو دیکھ کر وہ وثوق سے کہتے ہیں کہ پاکستان میں ہاکی کا مستقبل تابناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق28 اپریل سے نیشنل اسٹیڈیم لاہور میں جاری ہاکی میلہ اختتام کو پہنچ گیا،فائنل لاہور اور سیالکوٹ کے درمیان کھیلا گیا جس میں میزبان نے حریف سائیڈ کو پنالٹی شوٹ آؤٹس پر3کے مقابلے میں5 گول سے زیر کیا، مہمان سائیڈ نے کھیل کے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا جس کے نتیجے میں فیضان چھٹے منٹ میں ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہو گئے، یہ برتری پہلے ہاف تک برقرار رہی، وقفے کے بعد سیالکوٹ نے مزید گولز کی ناکام کوشش کی،آخری منٹ میں لاہور کے شان نے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ تیسرے ہاف میں سیالکوٹ کے علی رضا نے گول کر کے ایک بار پھر برتری حاصل کر لی، اگلے ہی منٹ میں لاہور کے رانا سہیل کے گول نے مقابلہ ایک بار پھر2-2 سے برابر کر دیا، مقررہ وقت تک میچ کا فیصلہ نہ ہونے کے بعد دونوں طرف سے پنالٹی شوٹ آؤٹس لگائی گئیں جس میں لاہور نے سیالکوٹ کو3کے مقابلے میں 5گول سے شکست دی، فاتح ٹیم کی طرف سے شان نے 2 بار گیند کو جال کی راہ دکھائی، رانا سہیل ، عدیل اور اسفر یعقوب نے ایک، ایک گول کیا، ناکام سائیڈ کے فیضان، علی رضا اور نوہیز زاہد ملک نے ایک، ایک گول کیا۔ دوسرے میچ میں فیصل آباد نے یکطرفہ مقابلے میں ملتان کو 8-2 سے زیر کر کے تیسری پوزیشن حاصل کرلی، پہلے ہاف تک فاتح ٹیم کو ایک کے مقابلے میں 4گول کی سبقت حاصل تھی۔

تبصرے بند ہیں.