چین سے مقامی کرنسیوں میں تجارت کے معاہدے پر عملدرآمد شروع

کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پیپلز بینک آف چائنا کے درمیان 10 ارب چینی یوآن اور 140 ارب روپے کا دوطرفہ کرنسی سواپ ارینجمنٹ منگل سے نافذ کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں بینکوں کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور پیپلز بینک آف چائنا کے ساتھ تمام عملی کارروائیاں تکمیل پا چکی ہیں۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پیپلز بینک آف چائنا کے درمیان اس تاریخ ساز دوطرفہ کرنسی سواپ ارینجمنٹ پر دسمبر 2011 میں گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور اور پیپلز بینک آف چائنا کے گورنر ڈو جن فو نے اسلام آباد میں دستخط کیے تھے۔ مرکزی بینک سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں مرکزی بینکوں کے درمیان کرنسی سواپ ارینجمنٹ سے آن شور مارکیٹ میں دوسرے ملک کی سیالیت (لیکویڈٹی) کے بارے میں مارکیٹ کو مثبت اشارے ملیں گے۔ اس ارینجمنٹ سے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت کے لیے دستیاب سیالیت کا پول بڑھ جائے گا اور سیالیت کے پہلے سے دستیاب وسائل میں اضافہ ہوگا، مارکیٹ کی شرح سود کے تعین میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے چینی یوآن لون فیسلٹی کی مسابقتی نیلامیاں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق عملدرآمد کی گائیڈ لائنز میں اسٹیٹ بینک نے چینی یوآن لون فیسلٹی کی نیلامی کا بھی اعلان کیا ہے، اس نیلامی میں بینکوں کی شرکت کی بنیاد پر اسٹیٹ بینک سواپ لائن استعمال کرے گا اور پاکستان میں بینکوں کو چینی یوآن فراہم کرے گا، بینک چینی یوآن میں تجارت کرنے والے امپورٹرزوایکسپورٹرز کو اس سیالیت میں سے قرض دیں گے، مدت پوری ہونے پر امپورٹر و ایکسپورٹر قرض دینے والے بینک کو غیرملکی کرنسی واپس کرے گا اور بینک یہ رقم متعلقہ مرکزی بینک کو واپس کردے گا، امپورٹرزوایکسپورٹرز کو چینی یوآن میں قرض دینے کا بندوبست کرنے کے لیے بینکوں کو مناسب وقت فراہم کرنے کی خاطر پہلی نیلامی 4 جون 2013 کو منعقد ہو گی جس کا سیٹلمنٹ 13 جون 2013 کو ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.