Latest National, International, Sports & Business News

شدید بارشوں سے ندی نالے بھی بپھر گئے

شدید بارشوں کے بعد دریا اور ندی نالے بھی بپھر گئے۔ دریائے ستلج نے قصور اور اوکاڑہ کے اضلاع میں تباہی مچا دی۔ نالہ ڈیک میں طغیانی کے باعث نارووال کے 80 دیہات زیرآب آگئے۔ سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دریائے ستلج میں سیلاب سے قصور کی مزید سینکڑوں ایکڑ اراضی پانی کی زد میں آگئی۔ دس دیہات کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہوگیا ہے۔ حویلی لکھا اور اوکاڑہ کے درجنوں دیہات بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔ دریائے سندھ میں بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ لیہ میں دریا کی قریبی آبادیاں خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔ ڈیرہ غازی خان اور گردو نواح کے درجنوں دیہات بھی سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔ کوٹری بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافے سےکچے کے علاقے ڈوبنے کا خطرہ ہے۔ کشمور میں گڈو بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔ دریاؤں کے ساتھ برساتی نالے بھی بپھرے ہوئے ہیں۔ نالہ ڈیک میں طغیانی کے بعد نارووال کے 80 دیہات زیرآب آ گئے۔ پانی تھانہ قلعہ احمد اۡٓباد میں بھی داخل ہو گیا۔ کامونکی میں پانی قاضی کوٹ گاؤں میں داخل ہو گیا۔ مکان گرنے سے ایک شخص بھی دم توڑ گیا۔ ظفر وال میں سیلابی پانی پل کو بہا کر لے گیا۔ پانی چھاؤنی میں بھی داخل ہوگیا۔ سیلاب سے کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ درجنوں مویشی بھی ریلے کی نذر ہو گئے۔ لالہ موسیٰ کے قریب نالہ بھمبر میں کٹاؤ سے سیلابی بند ٹوٹ گیا۔ شکر گڑھ میں نالہ بسنتر میں طغیانی سے چھ دیہات زیرآب آگئے۔ واں بھچراں میں نہر میں شگاف پڑنے سے پانی کئی دیہات میں داخل ہوگیا۔

تبصرے بند ہیں.