حیدرآباد میں کارکنوں کو شناخت کرکے نشانہ بنایا گیا، الطاف حسین

لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے حیدرآبادمیں لبرٹی چوک پرمسلح دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے جس میں ایم کیوایم کے3کارکنان شہیدجبکہ5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کے یہ کارکنان اور ہمدردلبرٹی چوک کے نزدیک ایم کیوایم کی انتخابی سرگرمیوں میں مصروف تھے کہ3 موٹر سائیکلوں پرسوار6مسلح افرادنے ان پرفائرنگ شروع کردی۔ الطاف حسین نے کہاکہ میں نے گزشتہ روزاپنے خطاب میں یہ بتایاتھاکہ ایم کیوایم کے خلاف سرگرم عمل عناصراب مقامی جرائم پیشہ عناصرکوبھی ایم کیوایم کے خلاف قتل وغارت اوردہشت گردی کیلیے استعمال کررہے ہیں اوراب تک جواطلاعات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق اس واقعے میں بھی مقامی جرائم پیشہ افرادملوث ہیں جنھوں نے ایم کیوایم کے کارکنان کوباقاعدہ شناخت کے بعدٹارگٹ کیا۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم دشمن قوتیں ایم کیوایم کوتباہ کرنے کے جنون میں اندھی ہوچکی ہیں اوربیدردی سے ایم کیوایم کے کارکنوں کاخون بہارہی ہیں،صرف گزشتہ چندروزکے دوران ایم کیوایم کے70سے زائدکارکنوں کوشہیداورسیکڑوں کو زخمی کیا جاچکا ہے لیکن المیہ یہ ہے کہ کسی ایک بھی واقعے میں ملوث دہشتگردوں کواب تک گرفتارنہیں کیاگیا۔الطاف حسین نے عوام بالخصوص ایم کیوایم کے تمام کارکنوں اورہمدردوں سے ایک بارپھرمحتاط اورچوکنارہنے کی اپیل کی اوران سے کہاکہ وہ ایسی جگہوں پر بیٹھنے سے گریز کریں جہاں دہشت گردانہیں باآسانی سے نشانہ بناسکتے ہوں،اپنے علاقوں میں آنے والی مشکوک گاڑیوں اورمشتبہ عناصر پر کڑی نظررکھیں اورکسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طورپرپولیس اورانتظامیہ کودیں۔

تبصرے بند ہیں.