Latest National, International, Sports & Business News

لاہورمیں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب ، متعدد علاقوں میں بجلی غائب

لاہور: شہر میں جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں جب کہ درجنوں فیڈرز ٹرپ ہونے سے متعدد علاقوں میں بجلی بھی غائب ہو گئی۔ شہر میں شدید بارش کا سلسلہ آج صبح شروع ہوا جس کے باعث شہریوں کی اکثریت14 اگست پرعام تعطیل ہونے کے باوجود گھروں میں محصور ہوکررہ گئی ہے، بارش کےباعث جہاں صوبائی دارالحکومت میں ہرطرف جل تھل ہوگیا وہیں شہر کے نشیبی علاقے، سڑکیں ،چوک اور چوراہے پانی میں ڈوب گئے۔ کئی شاہراہوں پر گاڑیاں پانی میں پھنس کربند ہوگئیں اور ٹریفک بھی جام ہوا ہو گیا۔ شہر کے اکثر مقامات پر 2 سے 4 فٹ پانی جمع ہوگیا۔ شدید بارش کی وجہ سے گلبرگ، گارڈن ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، مسلم ٹاون، جوہرٹاؤن، اندرون شہر، مزنگ، لکشمی چوک، بھاٹی گیٹ، سبزی منڈ، علامھ اقبال ٹاون، شادمان، والٹن اور لاہورکنٹونمنٹ ،جیل اورمال روڈ کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ اقبال ٹاؤن کے کامران بلاک کی سبزی منڈی ميں پانی گھروں میں داخل ہو گیا جس سے لوگوں کو شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ واسا کا عملہ مختلف مقامات پر موجود تو تھا لیکن ان کے پاس نکاسی آب کے لیے مشینری موجود نہ تھی اور افسران کی زیادہ ترتوجہ صرف پوش علاقوں سے پانی نکالنے پر مرکوزرہی ۔ بارش کی وجہ سے شہر کے متعددعلاقوں میں 78 فیڈرز بھی ٹرپ کر گئے جس سے بجلی منقطع ہو گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ نیا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے گا۔

تبصرے بند ہیں.