آصف زرداری نے کرپشن کا پیسہ (ن) لیگ کے خلاف اشتہار بازی پر لگادیا، شہباز شریف

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ملک میں کہیں نظرنہیں آرہی، آصف زرداری نے کرپشن کا ساراپیسہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف اشتہار بازی پر لگادیا۔ لاہور میں سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران شہبازشریف کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ سے متعلق رحمان ملک کے الزامات بے بنیاد ہیں کیوں کہ وہ جھوٹوں کے سردار ہیں اور سپریم کورٹ بھی عدلیہ کے روبرو جھوٹ بولنے پر انہیں تنبیہہ کرچکی ہے اس لئے وہ ان کے الزامات کا جواب نہیں دیں گے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے پاکستان کا بیڑا غرق کردیا، ان ہی کی کارکردگی کی بدولت آج پیپلز پارٹی جیسی سیاسی جماعت کہیں نظر نہیں آرہی، پرویز الہیٰ دور میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے پنجاب کو ملک کا سب سےزیادہ کرپٹ صوبہ قراردیا لیکن مسلم لیگ (ن) کے دور میں اس صوبے میں ملک کے دیگر صوبوں کی نسبت سب سے کم کرپشن ہوئی۔ پانچ سال میں ریکارڈ کام کئے اور جو کام ادھورے رہ گئے ہیں انہیں دوبارہ اقتدارمیں آکرمکمل کریں گے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف 4 کا ٹولہ سازشیں کررہا ہے، قوم بلے، تیر اور سائیکل کی سازش جانتی ہے،3 نام انہوں نے بتا دیئے ہیں چوتھے نام سے وہ جلد ہی قوم کو آگاہ کریں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے فیصلہ کرناہے کہ اس پارٹی کوووٹ دیناہے جس نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا یا کسی اور کو۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کو ملک ایک نئے دور میں داخل ہوگا اور عوام کا فرض ہے کہ وہ سوچ سمجھ کرفیصلہ کریں۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ رحمان ملک نے شہبازشریف کی جھوٹی ٹیپ ٹی وی پرچلوائی جبکہ سعودی عرب میں مقیم ان کے کسی رشتہ دار کا نام غنی نہیں نہ ہی انہوں نے کبھی قرض لیا ہے، رحمان ملک نے سپریم کورٹ میں دہری شہریت سے متعلق جھوٹ بولا تھا۔ ان کے تینوں ڈرامے پرانے ہیں۔ انہوں نے حقائق کی دھجیاں اڑا دیں، وہ گھٹیا حرکتیں بند کردیں اور اگران کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ عدالتوں کا دروازہ کھٹکھٹائیں ہم عدالتوں میں کیسز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دنوں میں منفی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے اور ہم بھی سرے محل سمیت دیگر معاملات کو شروع کرسکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.