اسلام آباد: وفاقی وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن نے کہا ہے کہ یوٹیوب کھولنے کا فیصلہ بین الوزارتی کمیٹی کرے گی جبکہ تھری جی ٹیکنالوجی کی نیلامی کا عمل اس سال مکمل ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کومیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ یوٹیوب سے گُستاخانہ مواد ہٹانے کے حوالے سے انوشہ رحمن نے کہا کہ گستاخانہ مواد کو ہٹانے کے حوالے سے 8 ارکان پر مشتمل کمیٹی کام کررہی ہے اور اب تک 2 ہزار سے زائد یوآر ایل بلاک کیے جاچکے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ ایک مسلسل جاری رہنے والا کام ہے جس کے لیے ہمیں اپنی استعداد کار کو بڑھانا ہوگا۔ انوشہ رحمن نے کہا کہ گستاخانہ مواد ہٹانے کے حوالے سے گوگل نے ہم سے کوئی تعاون نہیں کیا اور گوگل کی طرف سے اس مسئلے کا کوئی حل نہیں دیا گیا۔انھوں نے کہا کہ عام آدمی کوبھی اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ایسے تمام لنکس جس پرگستاخانہ موادموجود ہے ان پر کلک نہ کریں۔ انھوں نے کہا کہ یوٹیوب کھولنے کا فیصلہ بین الوزارتی کمیٹی کریگی اور وزارت اکیلے اس میں کوئی فیصلہ نہیں کرسکتی ہے۔ ملک میں ای گورنمنٹ کے قیام کیلیے کوشاں ہیں، وزارت اور وزیراعظم آفس میں ای گورنمنٹ کے نظام کی تنصیب کاکام مکمل ہوچکا ہے، پی ٹی سی ایل کی جانب سے فری ڈیٹا ہوسٹنگ کی فراہمی کے بعد 28 وزارتوں میں بھی ای گورنمنٹ کا نظام بہت جلد فراہم کردیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.