الیکشن کمیشن سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کیلئے کوشش کرے، سپریم کورٹ

اسلام آ باد: سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینے کے لیے کوشش کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا ہے.

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ اورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت دینا ان کا بنیادی آئینی حق ہے۔ عدالت کا مشاہدہ ہے کہ آئندہ انتخابات میں سمندرپار پاکستانیوں کو یہ سہولت فراہم کی جاسکتی ہے،الیکشن کمیشن سمندر پارپاکستانیوں کو آئندہ انتخابات میں ووٹ کی سہولت دینے کی کوشش کرے۔

دوران سماعت اٹارنی جنرل نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ دینے سے متعلق جواب جمع کرادیا، جواب میں کہا گیا کہ تارکین وطن کو بیرون ملک ووٹ ڈالنے کی سہولت دینے کے لیے وقت اور مالی وسائل درکار ہیں، الیکشن کمیشن سہولت دینے کے لیے تعاون اداروں کے تعاون کا مشکور ہے تاہم الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کی کوششوں کو سراہتا ہے تاہم تارکین وطن کو ووٹ دینے کی سہولت ان انتخابات کے بعد ہی ممکن ہوگی، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ موجودہ انتخابات میں یہ سہولت دینے میں کیا حرج ہے، آئندہ انتخابات میں یہ سہولت دینے کا کیا فائدہ ،شاید قانون سازی کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن سے پوچھ لیں اس کے واضح انکار کے بعد وفاق نے اسی کے تحفظات کی روشنی میں جواب جمع کرایا ہے۔

تبصرے بند ہیں.