Latest National, International, Sports & Business News

بجلی فی یونٹ 2 روپے 36 پیسے مہنگی، نوٹیفکیشن جاری

اسلام آباد:بجلی صارفین کے لیے بری خبر، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 36 پیسے اضافہ کر دیا گیا۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ بجلی ستمبر کے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مہنگی کی گئی ہے، نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نیپرا کے مطابق ستمبر میں بجلی کی اصل فیول لاگت 9 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ ریفرنس فیول لاگت 7 روپے 45 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔ اصل اور ریفرنس فیول لاگت کے فرق کے باعث صارفین پر 2 روپے 36 پیسے فی یونٹ اضافی بوجھ پڑے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور پری پیڈ ٹیرف اختیار کرنے والے صارفین اس اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے۔اضافی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ان صارفین پر بھی لاگو ہوگی جو انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔نیپرا کے مطابق بجلی صارفین سے اضافی وصولی نومبر 2026 کے بلوں میں کی جائے گی۔ ستمبر 2026 میں استعمال ہونے والے بجلی کے یونٹس کے حساب سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ بلوں میں الگ ظاہر کی جائے گی۔ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے صنعتی اور زرعی صارفین کے بجلی ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی، زرعی اور صنعتی صارفین کیلئے اضافی کھپت پر بجلی یونٹ نرخ صرف 22 روپے 98 پیسے مقرر کئے ہیں۔ پاور ڈویژن کے مطابق بجلی کی قیمت میں معمولی اضافہ صرف اضافی کھپت پر تجویز کے انکریمنٹل پیکیج سے ستمبر 2026 تک 2 لاکھ 9 ہزار 335 صنعتی اور زرعی صارفین مستفید ہوئے، مجموعی طور پر 5 لاکھ 18 ہزار 316 اہل صارفین میں سے تقریباً 40 فیصد نے فائدہ اٹھایا۔ دسمبر 2025 سے ستمبر 2026 تک پیکیج کے تحت 6 ہزار 940 گیگا واٹ آور اضافی بجلی کی کھپت کو شامل کیا گیا۔ اضافی بجلی کے استعمال کے پیکیج کے تحت صنعتی اور زرعی صارفین کو مجموعی طور پر 43 ارب 50 کروڑ روپے کا مالی ریلیف فراہم کیا گیا۔ صنعتی صارفین کو اضافی بجلی کے استعمال پر 5 سے 10 روپے فی یونٹ تک ریلیف ملا، مجموعی بجلی کے بلوں میں اوسطاً 1 روپے 50 پیسے سے 2 روپے 50 پیسے فی یونٹ کمی ہوئی۔پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ موجودہ علاقائی کشیدگی صورتحال کے باعث زرعی اور صنعتی صارفین کی صرف اضافی کھپت پر معمولی اضافہ تجویز ہے، عالمی مارکیٹ میں فیول کی قیمتوں میں اضافے سے بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ چکی، ملک کے دیگر صارفین پر بھی بجلی کے اضافی بوجھ کو روکنا ہے۔ مارچ 2024 کے مقابلے میں صنعتی بجلی کے نرخوں میں پہلے ہی تمام ٹیکسز سمیت 18 روپے 94 پیسے فی یونٹ کمی کی جا چکی ہے، اکتوبر 2026 میں صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی اوسط قیمت 34 روپے 40 پیسے فی یونٹ رہی۔

تبصرے بند ہیں.