ٹیکس ادائیگی کا بوجھ ہر شعبے اور سب افراد پر ڈالاجائے
اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ آئندہ بجٹ میں ٹیکس ادائیگی کا بوجھ ہر شعبے اور سب افراد پر ڈالا جانا چاہیے. جس کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) ٹیکس وصولی کے نظام کو زیادہ شفاف بنائے،بجٹ تجاویز 2013-14 کے عنوان سے ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ اکاؤنٹس (اے سی سی اے) اور اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (آئی سی سی آئی) کے مشترکہ اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اقتصادی ماہرین، تاجروں، مالیاتی اداروں کے حکام اور دیگر شراکت داروں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس کی وصولی کے نظام کو مزید شفاف بنائے جبکہ ٹیکس لگانے کی شرح کو بھی واضح کر کے اس کے مطابق وصولی کو یقینی بنایا جائے. اس کے علاوہ آئندہ بجٹ میں ٹیکسز کچھ اس طرح لگائے جائیں کہ ٹیکسوں کا بوجھ تمام افراد اور شعبوں کو یکساں طور پر برداشت کرنا پڑے. پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ معیشت کو چین سمیت خطہ کے دیگر ممالک کے ساتھ مسابقت کا سامنا ہے. ٹیکس دہندگان کو وہ عزت دینا ہوگی جس کے وہ مستحق ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل اسے تجارتی راہداری بنانے میں ہے. چیف کمشنر انکم ٹیکس راولپنڈی ریجن آفتاب احمد نے اے سی سی اے اور آئی سی سی آئی پر زور دیا کہ ٹیکس دہندگان کش مشکلات میں کمی کیلئے تجاویز اور سفارشات ایف بی آر کو صحیح اعداد و شمار اور حقائق کے ساتھ دیئے جائیں تاکہ ان کی روشنی میں ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے۔
تبصرے بند ہیں.