Latest National, International, Sports & Business News

خطے کے ممالک امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات پر نظرثانی کریں: ایرانی فوج

تہران:ایران کے اعلیٰ فوجی کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ امریکا کی ایران کے خلاف کارروائیاں پورے خطے کو ایک وسیع جنگ کی طرف دھکیل سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کو امریکا کے ساتھ اپنے تعاون اور وابستگی پر نظرثانی کرنی چاہئے، امریکا اپنی کمزور ہوتی عسکری طاقت کو سہارا دینے کے لیے خطے کے ممالک کو استعمال کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکا خطے کے ممالک کے وسائل،انفراسٹرکچر اور دولت کو اپنے دفاع کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے، جو بھی ملک امریکا کی دفاعی ڈھال بنے گا وہ جنگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ایرانی فوجی کمانڈر نے کہا کہ خطے کے ممالک اپنے قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کریں۔قبل ازیں ایران نے امریکا اسرائیل کے حملوں کی صورت میں بھرپور جواب دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا یا اسرائیل نے حملہ کیا تو ایران کا ردعممل محدود نہیں ہوگا، اسرائیلی تنصیبات اور امریکی توانائی کا بنیادی ڈھانچا بھی ہدف ہوگا، خطے میں امریکی تنصیبات کو نشانہ بنائیں گے۔ایران کی خاتم الانبیا بریگیڈ کے اعلیٰ ترین کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا اور اسرائیل کوخبردار کیا ہے کہ جارحیت کرکے بھاگنے کا دور ختم ہوچکا ہے۔ایرانی خبر ایجنسی تسنیم کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی نے کہا ہے کہ غلط اندازے لگا کر کی جانے والی کسی بھی کارروائی کے نتائج بھگتنا پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اور اس کے کرائے کے سپاہیوں کو اندازہ ہوگیا ہے کہ ان کے فوجی سامان میں کفن شامل ہونا لازم ہے، ایرانی فوج کے پاس صلاحیت بھی ہے، ارادہ بھی، جامع منصوبہ تیار ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی اخبار نے دعویٰ کیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ایران پر تازہ حملوں کا حکم دے دیا، امریکا اور اسرائیل ایران کی توانائی تنصیبات پر حملے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، یہ حملے ہفتے کے آخر میں ہو سکتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.