صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر موجود آفیشل پیج پر جاری بیان کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ کے شہر مورو میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ صدر نے مقامی معززین اور علاقے کے منتخب اراکین سے بھی بات چیت کی۔مورو میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم نے لوگوں کو معاشی خودمختاری دینی ہے۔ موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور فروغ ضروری ہے۔آصف علی زرداری نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کو میڈیا پر نہیں دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت سے محروم بھارت کو ایک ہفتے کی جنگ میں پاکستان نے نہ بھولنے والا سبق سکھایا۔صدر مملکت نے کہا کہ جب بھارت کے جہاز گرائے تو انکی عقل ٹھکانے لگی۔ ہم نے انکے وہ 8 جہاز گرائے جو معصوم پاکستانیوں پر بم گراکر گئے تھے۔مورو میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری کا کہنا تھا کہ جب بھارت کے جہاز گرائے تو ان کی عقل ٹھکانے آگئی، بھارت کو ایک ہفتے کی جنگ میں سبق سکھایا۔صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ ہم سب مل کر اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھ مضبوط کریں گے، اپنے ہاتھ بھی مضبوط کریں اور ملک کو بھی مضبوط بنائیں گے، ملک چلانا اصل مسئلہ ہے۔
تبصرے بند ہیں.