اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں معصوم جانوں کا ضیاع اور بنیادی ڈھانچے کی وسیع پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی اقدامات خطے امن اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون اور بنیادی انسانی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات کرے، پاکستان لبنان کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے، پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرتا ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی اسرائیل کی جانب سے لبنان بھر میں بڑے پیمانے پر حملوں کی مذمت کرتے ہوئے ’تمام فریقین سے فوری طور پر کارروائیاں بند کرنے کی اپیل کی ہے۔سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کے نتیجے میں سیکڑوں شہری بشمول بچے جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں، اور ساتھ ہی شہری بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے خبردار کیا ہے کہ لبنان میں فوجی سرگرمیاں جنگ بندی اور خطے میں پائیدار اور جامع امن کی کوششوں کیلئے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔خیال رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی لبنان پر تاریخ کے شدید ترین حملے کیے گئے جس میں 254 افراد شہید اور 1100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔لبنان پر اسرائیل کی جانب سے 10 منٹ میں 100 سے زائد حملے کئے گئے۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے میں لبنان شامل نہیں جبکہ اسرائیل نے کہا ہے کہ ایران سے ہونے والی جنگ بندی کا اطلاق لبنان پر نہیں ہوتا۔قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اعلان میں واضح طور پر لبنان کا ذکر بھی کیا تھا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھی لبنان میں جنگ بندی کی شدید خلاف ورزی پر اظہارِ تشویش کیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.