Latest National, International, Sports & Business News

جذبات کی سچائی ہی اصل اداکاری ہے، ماورا حسین کا انکشاف

لاہور: معروف اداکارہ ماورا حسین نے اداکاری اور جذباتی مناظر میں رونے کے فن پر کھل کر بات کی، اور کہا کہ حقیقی جذبات اور خلوص ناظرین کے دل تک پہنچنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں ماورا حسین اپنی بہن عروہ حسین کے ہمراہ شریک ہوئیں، جہاں دونوں نے اپنی اداکاری، خاندانی تعلقات اور جذباتی مناظر کے پیچھے چھپی دلچسپ کہانیاں شیئر کیں۔پروگرام کے دوران ہوسٹ نے کہا کہ ماورا حسین اپنی اداکاری، خوبصورتی، مہربانی اور خاص طور پر سکرین پر رونے کے انداز کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں، اس پر ماورا نے مسکرا کر شکریہ ادا کیا۔سوال کے جواب میں عروہ حسین نے کہا کہ بات صرف خوبصورت لگنے کی نہیں بلکہ ماورا جذبات کو شدت سے محسوس کرتی ہیں، جس کی وجہ سے ناظرین بھی ان سے جڑ جاتے ہیں، انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ بچپن میں بھی ماورا جب روتی تھیں تو گھر والے فوراً مان جاتے تھے کیونکہ وہ بہت پیاری لگتی تھیں۔ندا یاسر نے جب پوچھا کہ کیا ماورا کو خوبصورت انداز میں رونے کی باقاعدہ تربیت دی گئی تھی، تو عروہ حسین نے کہا کہ اصل چیز خوبصورتی نہیں بلکہ سچے جذبات کا اظہار ہے جو خود بخود سکرین پر نظر آتا ہے۔عروہ حسین نے مزید بتایا کہ جب انہیں کسی منظر کے لیے مدد درکار ہوتی ہے تو وہ سب سے پہلے ماورا کو فون کرتی ہیں اور پھر اپنے شوہر فرحان سعید سے رہنمائی لیتی ہیں۔اپنے رونے کے راز کے بارے میں بات کرتے ہوئے ماورا حسین نے کہا کہ وہ ایمانداری سے ہدایتکار کی ہدایات پر عمل کرتی ہیں اور دل سے اداکاری کرنے کی کوشش کرتی ہیں، ہر پرفارمنس میں ایک خاص ’جادو‘ ہوتا ہے اور وہ ہر سین سے پہلے دعا بھی کرتی ہیں۔پروگرام کے دوران ندا یاسر نے ماورا کی آواز کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان کی آواز کی کپکپاہٹ ناظرین کے دل تک پہنچتی ہے، جس پر ماورا نے کہا کہ وہ جان بوجھ کر ایسا نہیں کرتیں بلکہ صرف دعا کرتی ہیں کہ یہ اثر برقرار رہے۔

تبصرے بند ہیں.