Latest National, International, Sports & Business News

حکومت کا منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں منی لانڈرنگ اور حوالہ ہنڈی مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں طے پایا کہ غیر قانونی ذرائع سے بیرون ممالک رقوم بھجوانے والے بڑے کاروباری افراد اور اداروں کے خلاف شکنجہ سخت کیا جائے گا اور اس ضمن میں کسی بھی بڑے فرد یا ادارے کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ رقوم صرف بینکنگ اور دیگر قانونی چینلز کے ذریعے بیرون ممالک بھجوائی جا سکیں گی جبکہ منی چینجرز کے ذریعے رقوم کی ترسیل کے عمل کو بھی سٹریم لائن کیا جائے گا۔علاوہ ازیں بیرون ممالک رقوم بھجوانے کے پورے میکنزم کو شفاف اور فول پروف بنانے کا فیصلہ کیا گیا، ا س حوالے سے کہا گیا کہ غیر قانونی ذرائع سے رقوم کی ترسیل کے تمام چینلز کی ہر سطح پر حوصلہ شکنی کی جائے گی۔اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ بڑے منی لانڈرز پر مضبوط ہاتھ ڈالا جائے گا اور حوالہ ہنڈی کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی پر مشتمل ایک جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جو تمام متعلقہ امور پر پیشرفت کا باقاعدہ جائزہ لے گا۔اجلاس میں گورنر سٹیٹ بینک نے بینکنگ چینلز کے ذریعے رقوم کی ترسیل کے نظام پر بریفنگ دی جبکہ ڈی جی ایف آئی اے، گورنر سٹیٹ بینک اور وفاقی سیکرٹری خزانہ نے بھی شرکت کی۔

تبصرے بند ہیں.