Latest National, International, Sports & Business News

معروف ادیبہ، محقق اور ماہر تعلیم ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں

لاہور:معروف ادیبہ، محقق اور ماہر تعلیم ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا لاہور میں انتقال کر گئیں۔پاکستانی ڈرامہ نگار، ٹی وی ڈرامہ سیریل کے مصنف اور شاعر اصغر ندیم سید نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔اصغر ندیم سید نے عارفہ سیدہ کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ڈاکٹر عارفہ زہرا نے لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی سے بی اے آنرز کیا، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے ماسٹر کی تعلیم جبکہ یونیورسٹی آف ہوائی ایٹ مینوا سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کیا۔ماہر تعلیم ڈاکٹر عارفہ زہرا لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی میں بطور پرنسپل تعینات رہیں، وہ خواتین کی حیثیت سے متعلق قومی کمیشن میں چیئرپرسن بھی رہیں، ڈاکٹر عارفہ نے مختلف تعلیمی اداروں میں تدریسی فراٸض بھی سر انجام دیئے۔اس کے علاوہ ڈاکٹر عارفہ زہرا لاہور کے بارہ دروازوں پر پی ٹی وی پر پروگرام کرتی رہی ہیں۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے معروف ماہرِ تعلیم، دانشور اور ادیبہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی وفات پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں کے لئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے اپنی زندگی علم، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کیلئے وقف کر کے ایک روشن مثال قائم کی، مرحومہ کی علمی خدمات اور قومی زبان کے فروغ کے لئے کاوشیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔صدر آصف علی زرداری نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور علمی برادری سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی معروف ادبی شخصیت اور دانشور ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور ان کی علم و تدریس، تحقیق اور بالخصوص ارود زبان کے فروغ و ترویج کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مرحومہ کی مغفرت و بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور سوگوار خاندان سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی۔مریم نواز نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ زہرا کی سماجی اور تعلیمی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

تبصرے بند ہیں.