لاہور:پنجاب اسمبلی میں ہونے والے سینیٹ ضمنی الیکشن میں غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے رانا ثنا اللہ 250 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہو گئے۔قبل ازیں صوبائی اسمبلی ہال میں سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا آغاز ہوا۔ ریٹرننگ افسر شریف اللہ نے پولنگ کا عمل شروع کروایا جو شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہا۔یہ نشست پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعجاز احمد چوہدری کی نااہلی کے بعد خالی ہوئی تھی۔ووٹنگ کا عمل پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت میں ہوا، جہاں صوبائی اسمبلی کے اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق کامیابی کے لیے امیدوار کو 181.5 ووٹ درکار تھے۔ مسلم لیگ ن اور اس کی اتحادی جماعتوں کے حمایت یافتہ رانا ثنا اللہ کو 263 ووٹوں کی حمایت حاصل ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا جب کہ اپوزیشن امیدوار سلمیٰ اعجاز کو 100 ووٹوں کی حمایت حاصل تھی۔اس سے قبل الیکشن کمیشن کا عملہ پنجاب اسمبلی پہنچا اور پولنگ کے انتظامات مکمل کیے۔ اپوزیشن نے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔ ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے واضح کیا کہ کسی بھی رکن نے اسمبلی جاکر ووٹ کاسٹ کیا تو وہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہو جانے کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔
تبصرے بند ہیں.