3 سال میں 35 اداروں کی نجکاری ہوگی، وزیر خزانہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری ادارے معیشت پر بوجھ ہیں، ان اداروں کی نجکاری کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ ایک غیر ملکی جریدے کو انٹرویو میں اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری ادارے معیشت پر بوجھ ہیں اور ان اداروں کی وجہ سے معیشت کو سالانہ 5 ارب ڈالر کا نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خسارے میں چلنے والے سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے گی اور نجکاری کے لیے پروگرام مرتب کر لیا ہے، 3 سال میں 35 سرکاری اداروں کی نجکاری کی جائے گی۔اسحق ڈار کا کہنا تھا کہ حکومت کے 5 سال میں 5 لاکھ نئے افراد کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا اور اقتصادی شرح نمو ڈبل ڈیجٹ تک لے جانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ رواں سال آئی ایم ایف کے 3 ارب ڈالر مالیت کے قرض واپس کردیں گے۔ دریں اثنا وزیر خزانہ سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کے علاوہ وزیر اعظم نواز شریف کے دورہ امریکا کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ امریکی سفیر نے وزیر خزانہ کو بھی دورہ امریکا کی دعوت دی جو انھوں نے قبول کرلی۔

تبصرے بند ہیں.