24 گھنٹوںمیں 397 نئے مریض ، تعداد 3277 ہو گئی ، 50 جان بحق

لاہور (سپیشل رپورٹر) کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں بتدریج اضافہ جاری ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 397 نئے مریضوں کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 ہزار 277 ہوگئی۔پنجاب میں 1493، سندھ میں 881، خیبر پختونخوا میں 405، گلگت بلتستان میں 210، اسلام آباد میں 82، بلوچستان میں 191 جبکہ آزاد کشمیر میں 15 کورونا وائرس کے مریض سامنے آ چکے ہیں۔ اب تک کرونا وائرس میں مبتلا 50 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، 17 کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 257 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے 1493 کنفرم مریض ہیں۔ جن میں 309 زائرین ، 443 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 28 قیدیوں، 600 عام شہری شامل ہیں۔ شہروں کے حوالے سے رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 260 کنفرم مریض ہیں، ننکانہ 13، شیخوپورہ 1، راولپنڈی 57، جہلم 29، اٹک 1، گوجرانوالہ 31، سیالکوٹ 7، نارووال 5، گجرات میں 93 ، حافظ آباد 6، منڈی بہاﺅالدین 14، ملتان 4، وہاڑی 9، فیصل آباد 9، چنیوٹ 5، رحیم یار خان 3، سرگودھا میں 5 ، میانوالی 3، خوشاب 1، بہاولنگر 10، بہاولپور 3، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک کنفرم مریض ہے۔پنجاب میں مزید ایک مریض جاں بحق ہوگیا جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 12 ہوگئی۔ لاہور میو ہسپتال میں 66 سالہ مریضہ جاں بحق ہوئی۔ ہیلتھ رپورٹر کے مطابق مریضہ شدید ذہنی دباو¿ اور بلڈ پریشر کا بھی شکار تھی اور وینٹی لیٹر پر تھی۔ جس کے بعد لاہور میں وائرس سے دم توڑنے والے افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے قانون اور ماحولیات مرتضیٰ وہاب نے ٹوئٹر پر بتایا کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 881 ہوگئی۔ سندھ حکومت کے ترجمان نے بتایا کہ کراچی میں 37، لاڑکانہ میں 6، حیدر آباد میں 4، نوشہرو فیروز میں 2 جبکہ سکھر اور سجاول میں ایک ایک کیس سامنے آیا۔ سندھ میں مزید کئی مریض صحت یاب بھی ہوئے جس کے بعد اب تک کورونا وائرس سے 123 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔سندھ میں حکومتی ترجمان کی طرف سے ایک اور ہلاکت کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 15 تک جاپہنچی ہے جن میں سے 13 ہلاکتیں کراچی اور 2 حیدر آباد میں ہوئی ہیں۔خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری اعدادو شمار کے مطابق صوبے میں مزید 33 کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد بڑھ کر 405 ہوگئی، نوشہرہ میں ایک ہی دن کورونا وائرس کے 6 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کورونا کے مریضوں کی تعداد 13 ہوگئی ، پختونخوا میں مزید 32 افراد صحت یاب ہوگئے جس کے بعد صحت یاب ہونیوالوں کی مجموعی تعداد 66 ہوگئی، ڈھڈیال قصبہ ڈھوڈہ کے ایک نوجوان کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ میں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا، خیبر پختونخوا میں مزید 2 افراد دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 16 تک پہنچ گئی۔ صوبائی وزیر صحت تیمور خان جھگڑا کے مطابق دونوں اموات سوات میں ہوئیں اور دونوں کی عمر 60 سال سے زائد تھی۔ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی کے مطابق صوبے میں کورونا کے 6 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں مجموعی تعداد 191 ہوگئی ہے جبکہ 13 افراد صحت یاب ہوگئے اور صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی ہے، لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز مجموعی طور پر دو ڈاکٹروں سمیت 5 مقامی افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور مقامی سطح پر متاثرہ افراد کی تعداد 54 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 12 نئے کیسز سامنے آگئے، مریضوں کی کل تعداد 210 ہوگئی، 4 مریض مکمل طور پر صحتیاب ہوگئے۔اسلام آبادملک میں کورونا وائرس کیسز کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد مجموعی تعداد 75 سے بڑھ کر 82 تک پہنچ گئی۔آزاد کشمیر میں بھی مزید 3 افراد میں مہلک وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ وزیر صحت آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب نقی کے مطابق مریضوں کی مجموعی تعداد 15 ہوگئی ہے، متاثرہ افراد کا تعلق میرپور سے ہے کمشنر میرپور محمد رقیب خان نے بتایا اس خطے میں پہلا مقامی طور پر منتقل ہونے کا کیس بھی سامنے آگیا ہے، مریض کی عمر 59 سال ہے اور اس کا کوئی سفری ریکارڈ نہیں ہے۔ اس سے ملنے والے تمام افراد کو تلاش کر کے قرنطینہ منتقل کیا جارہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.