Latest National, International, Sports & Business News

لاہور کے علاقے سکھ نہر میں مکان کی چھت گر گئی، 3 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق

لاہور:لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے 3 بچوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق سکھ نہر کے قریب بھٹہ محمد دین کالونی میں حادثے کا شکار ہونے والے گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی، جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ شاہدہ، 22سالہ احد علی، 12سالہ حسنین، 60 سالہ ثمینہ، 24 سالہ کومل ، 23 سالہ مجاہد، 7 سالہ نیلم اور 8 سالہ حماد شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائی جاری ہے، ابھی مزید دو سے تین افراد ملبے دبے ہوئے ہیں، عمارت کی دیواریں بہت خستہ ہیں، کوشش ہے ملبے تلے پھنسے باقی افراد کو بحفاظت نکال لیا جائے۔پولیس کے مطابق واقعہ رات 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا ، 3 منزلہ مکان میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باغبانپورہ میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈی سی لاہور اور دیگر انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے ، زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی گئی۔واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران لاہور کے دیگر علاقوں شالیمار روڈ، شاداب کالونی اور کاہنہ میں چھتیں گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر سانحہ باغبانپورہ میں جاں بحق افراد کی تجہیز وتکفین کے انتظامات جاری ہیں، احتیاطی تدابیر کے طور پر علاقے کو بند کرکے ملحقہ گھر خالی کرالئے گئے۔ریسکیو آپریشن میں 70 ریسکیورز نے تمام تر آلات اور گاڑیوں کے ساتھ حصہ لیا، سول ڈیفنس رضآ کار ، محکمہ صحت کی ٹیم اور ستھرا پنجاب کے کارکن بھی موجود رہے۔

تبصرے بند ہیں.