یو اے ای کیلئے پاکستانی برآمدات کو 6ارب ڈالر تک لایا جاسکتا ہے

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ عرب امارات میں تعینات پاکستان کے سفارتکار آصف درانی نے کہاہے کہ پاکستانی مصنوعات خصوصاً جلدخراب ہونے والی اشیاء کی برآمدات کے حوالے سے سپلائی چین کومجموعی طور پر بہتر بنا کر یو اے ای کے لیے پاکستان کی برآمدات کو دگنا کیاجاسکتا ہے اور اسے 3ارب ڈالر سے بڑھا کر6ارب ڈالر کی سطح پر لا یاجاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر چیمبر کے صدر عبداللہ ذکی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کے سی سی آئی کی منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔یو اے ای میں پاکستان کے سفارتکار آصف درانی نے کہاکہ فی الوقت پاکستان سے یو اے ای کے لیے برآمدی مصنوعات کی ترسیل میں 72گھنٹے درکار ہوتے ہیں جبکہ ٹرانسپورٹیشن اور ریفریجریشن کی سہولت کو مزید بہتر بنا کروقت کی بچت کرتے ہوئے24گھنٹوں میں برآمدی مال کی ترسیل ممکن بنائی جاسکتی ہے۔انہوں نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ کولڈ چین کے نظام کو بہتر بنائیں تاکہ جلد خراب ہونے والی اشیاء کی بروقت ترسیل ممکن بناکر یو اے ای کے لیے برآمدات میں اضافہ کیاجاسکے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ہارٹی کلچر یو اے ای کی مارکیٹ میں مناسب شیئر حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے مگر بدقسمتی سے یو اے ای کے لیے پاکستانی ہارٹی کلچر کی برآمدات نہ ہونے کے برابر ہے۔

تبصرے بند ہیں.